28

جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کی مزید اہم وکٹیں گرا دیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما جہانگیر ترین نے اپنی نئی پارٹی کا اعلان کرنے سے قبل ہی پی ٹی آئی کی اہم وکٹیں گرا دیں۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی اور اہم سیاسی شخصیات ‏نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

سابق صوبائی وزیر مراد رس ، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی، چشتیاں سے سابق ایم پی اے ممتاز ‏مہروی، ساہیوال سے سابق ایم پی اے مہر ارشاد کاٹھیا، ننکانہ صاحب سے میاں عثمان اشرف، میانوالی سے میجر ریٹائرڈ ‏خرم روکھڑی، پاکپتن سے سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ترین گروپ میں شامل ہونے والے رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات ‏میں عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی، عون چوہدری، ملک نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان، اجمل چیمہ اور شعیب ‏صدیقی بھی موجود تھے۔جہانگیر ترین کل اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ نااہلی کے باعث ان کا پارٹی پیٹرن ان چیف بننے کا امکان ہے۔جہانگیر ترین گزشتہ ماہ سے نئی سیاسی جماعت کے قیام کیلیے سرگرم ہیں اور اسلام آباد اور لاہور میں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کی پارٹی کی تشکیل کا کام آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے اور وہ کل اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

پارٹی کے صدر کا عہدہ عبدالعلیم خان کو ملنے کا امکان ہے جبکہ عون چوہدری کو پارٹی آرگنائزر بنایا جائے گا۔جہانگیر ترین اور اہم ترین سینئر سیاسی رہنما لاہور میں موجود ہیں۔

انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر گروپ کا اجلاس بلا رکھا ہے جہاں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل، نام اور دیگر امور کو آج رات تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں