68

پاکستان میں نئی الیکٹرک کار متعارف کرادی گئی

کراچی(این این آئی)ایم جی پاکستان کی طرف سے نئی الیکٹرک کار ایم جی 4 متعارف کرا دی گئی۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم جی پاکستان نے اپنی نئی الیکٹرک کار ایم جی 4 متعارف کرادی، جس کی تعارفی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ایم جی 4 دو ماڈلز میں متعارف کرائی گئی ہے، جس میں ایکسائٹ (Excite) اور ایسنس (Essence)شامل ہیں۔واضح رہے کہ ایم جی موٹرز کی جانب سے یہ گاڑی چین میں رواں سال جون 2023 میں متعارف کرائی جاچکی ہے۔

اس گاڑی کی خصوصیات یہ ہیں کہ ایم جی فور 240 ہارس پاور اور 250 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے، اس طاقت کے ساتھ یہ گاڑی 7.2 سیکنڈز میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ایم جی فور ریئر وہیل ڈرائیو سسٹم کے ساتھ لائونچ کی گئی ہے، جس کے ڈیش بورڈ پر ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے ساتھ 10.25 انچ کی ڈیجیٹل ٹچ اسکرین دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایم جی 4 کی بیٹری صرف 35 منٹ میں 10 فیصد سے 80 فیصد تک چارج ہوسکتی ہے، اس گاڑی کے دونوں ماڈلز مختلف بیٹری پیکس اور مختلف قیمتوں کے ساتھ متعارف کرائے گئے ہیں۔

ایم جی 4 کا 51 کلو واٹ آور بیٹری پیک کا حامل ماڈل ایک بار ری چارج کرنے پر 350 کلو میٹر سفر کرسکتا ہے اور اس کی قیمت ایک کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے ہے جبکہ ایم جی 4 ایسنس کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جو 64 کلو واٹ بیٹری پیک کے ساتھ آتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسنس گاڑی اس بیٹری پیک کے ساتھ ایک ری چارج میں 450 کلو میٹر سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں