20

شاہین، بابراور رضوان کے درمیان دوریاں ختم کرانے کیلئے 2 سابق کپتان سرگرم ہوگئے

اسلام آباد(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں شاہین آفریدی، بابراعظم اورمحمد رضوان سے دو سابق کپتانوں نے رابطے کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی، بابراعظم اورمحمد رضوان کے درمیان دوریاں ختم کرانے کیلئے دو کپتان سرگرم ہوگئے۔ذرائع نے بتایاکہ دونوں سابق کپتان نے تینوں قومی کرکٹرز سے رابطے کیے، گلے شکوے دور کروانے میں کردار ادا کرنے کا کہا۔ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کی وطن واپسی پر تینوں قومی کرکٹرز کی سابق کپتان کے گھر ملاقات بھی کروائی جاسکتی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر ایٹ میں پہنچنے میں ناکامی کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کرکٹرز کو آئینہ دکھایا تھا۔

گیری کرسٹن سینیئر کھلاڑیوں کے اختلافات اور ٹیم کے معاملات میں عدم دلچسپی سے بھی ناخوش نظر آئے۔دوران گفتگو گیری کرسٹن نے ٹیم کے اتحاد پر بھی سوال اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ جب سے آیا ہوں یہی نوٹ کیا ہے کہ اس ٹیم میں اتحاد نہیں ہے،کہنے کے لیے یہ ٹیم ہے لیکن یہ ٹیم ٹیم نہیں ہے،کوئی کھلاڑی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا، دائیں بائیں سب الگ الگ ہیں،کئی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا ہوں ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ان کے رویے کے حوالے سے شکایت کی گئی تھی کہ ان کا کوچز سے رویہ مناسب نہیں تھا۔اس حوالے سے مزید چھان بین کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ شاہین آفریدی کی بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تلخی ہوئی تھی جو شدت اختیار کر گئی تھی، واقعہ ورلڈ کپ میں نہیں بلکہ اس سے قبل انگلینڈ کے دورے کے موقع پر پیش آیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں